شارجہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ اس سال اکتوبر اور نومبر میں ہوم گراؤنڈ پر 15انٹر نیشنل میچ کرارہا ہے لیکن ملک کا سب سے قدیم اور تاریخی سینٹر کراچی نیشنل اسٹیڈیم ان میں سے کسی ایک میچ کی بھی میزبانی نہیں کرے گا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ملک کے بڑے شہر کو انٹر نیشنل کرکٹ میچوں کی میزبانی نہیں دی گئی اور نہ ہی وجہ بتائی گئی ہے۔ حالانکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر پی سی بی نے اربوں روپے کی لاگت سے نئی اور جدید سہولتوں سے آراستہ بلڈنگ تعمیر کی تھی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف دو ٹیسٹ تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ لاہور، پنڈی اور فیصل آباد میں کھیلے گی جبکہ سہ فریقی سیریز کے تمام میچ لاہور اور پنڈی میں ہوں گے۔ پاکستان ، سری لنکا اور افغانستان کے ساتھ 17 تا 29 نومبر تک تین ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔ ڈبل لیگ کے تحت تمام سات میچ لاہور اور پنڈی میں ہوں گے۔ ہر ٹیم 4، 4 میچ کھیلے گی۔ پی سی بی نے شیڈول کا بھی اعلان کردیا ہے۔ میچز راولپنڈی اور لاہور میں ہونگے۔17نومبر کو پہلا میچ پاکستان اور افغانستان کے درمیان راولپنڈی ہوگا۔ 19 نومبر کو سری لنکا اور افغانستان کا میچ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ یہ افغانستان کا پاکستان میں پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ہوگا۔ 29نومبر کو فائنل سمیت باقی میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔