کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایف آئی ایچ ہاکی مینز جونئیر ورلڈ کپ کے میچ شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں چنئی میں ایک تقریب ہوئی جس میں ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام کی شرکت نمایاں تھی۔ پاک بھارت ٹاکرا 29نومبر کو طے ہے۔ ٹورنامنٹ بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے شہروں میں 28نومبر سے 10دسمبر تک کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ کے پولز کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے ۔ پہلی مرتبہ 24 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔ پاکستان ٹیم گروپ بی میں بھارت، چلی اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ شامل ہے ۔ پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان کا ایونٹ میں حصہ لینا مشکوک دکھائی دے رہا ہے۔ ورلڈ کپ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن جرمنی اور ساوتھ افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ پاکستان ٹیم 28 نومبر کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی۔ جبکہ 2 دسمبر کو چلی کے خلاف میدان میں اترے گی ۔