لاہور/سکھر (نیوزرپورٹر/بیورورپورٹ)انڈیا نے ایک بار پھر دریائے ستلج میں پانی چھوڑ دیا جبکہ ملک کے دیگر دریاؤں میں بھی سیلابی صورتحال برقرار ہے جس کی وجہ سے مزید سیکڑوں بستیاں زیر آب آ چکی ہیں ۔چناب‘راوی اور ستلج کے سیلابی ریلے جنوبی پنجاب کیلئے خطرہ بن گئے ‘جلالپورپیروالا میں امدادی کشتی الٹ گئی ‘18افرادکوبچالیاگیا‘ پنجاب میں حالیہ سیلاب کے باعث اموات کی تعداد 76 تک پہنچ گئی جبکہ اب تک 42 لاکھ 9 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ ادھر پنجاب میں تباہی مچانے والا خطرناک سیلابی ریلا گڈو بیراج پہنچ گیا، سطح آب پانچ لاکھ کیوسک تک پہنچ گئی۔ گڈو بیراج پر سیلابی صورتحال اونچے درجے کے بالکل قریب ہے جبکہ سکھر بیراج پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ 24گھنٹے کے دوران گڈو بیراج پر 55 ہزار کیوسک سے زائد پانی کا اضافہ ہوا ہے‘ ہر گزرتے لمحہ کے ساتھ سطح آب بلند سے بلند تر ہورہی ہے۔ گڈو تا سکھر کچے کا وسیع علاقہ زیر آب آگیا ہے جبکہ سکھر بیراج سے آگے کچے کے علاقے بھی سیلابی پانی میں ڈوب رہے ہیں۔