دبئی (نمائندہ خصوصی) ایشیا کپ کرکٹ میں بنگلہ دیش نے ہانگ کانگ کوسات وکٹ سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کی جبکہ مسلسل دو میچ ہارنے کے بعد ہانگ کانگ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ کپتان لٹن داس نے ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے39گیندوں پر59رنز بنائے۔ توحید ردوئے36 گیندوں پر35رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ جمعرات کوابوظبی میں بنگلہ دیشی کپتان لٹن داس نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ ہانگ کانگ نے سات وکٹ پر143رنز بنائے۔ دوسرے ہی اوور میں اوپنر انشے راٹھ چار رنز بنا کر تسکین احمد کی وکٹ بن گئے۔ بابر حیات 14رنز بناکر تنظیم حسن ثاقب کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اوپنر ذیشان علی تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز بناکر تنظیم حسن ثاقب کا دوسرا شکار بن گئے ۔ کپتان یاسم مرتضیٰ 28 نے دو چوکوں اور د وچھکوں کی مدد سے بنائے ۔ نزاکت خان دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42رنز بنا کر رشاد حسین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔