دبئی(عبدالماجد بھٹی)ایشیا کپ میں اتوار کو پاک بھارت ٹکر کے90فیصد ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ منتظمین کو توقع ہے کہ ہاؤس فل ہوگا۔ بدھ کو تین ہزار ٹکٹیں آن لائن پیش کی گئیں جو چند منٹوں میں بک گئیں۔ اب زیادہ قیمت کے دس فیصد ٹکٹ بزنس ہاؤسسز اور کارپوریٹ سیکٹر کے لئے رکھے گئے ہیں۔ شائقین کا دلچسپی نہ لینے کا تاثر غلط ہے۔ منتظمین کے مطابق اب عام انکلوژر کے ٹکٹس 475 درہم سے گھٹا کر 350 درہم کردی گئی ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ پاک بھارت میچ کی دلچسپی برقرار ہے، گرمی کی وجہ سے ٹکٹ سست روی سے فروخت ہوئے ہیں۔ پاکستانی شائقین کو ویزہ مسائل بھی درپیش ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں مداح اب تک دبئی سفر نہ کر سکے۔ متعدد پاکستانی صحافی بھی ویزہ تاخیر کی وجہ سے دبئی نہیں آسکے ہیں، بھارتی صحافیوں کی بڑی تعداد دبئی پہنچ چکی ہے اور مزید کی آمد متوقع ہے۔ دبئی میں کئی شائقین برطانیہ سمیت یورپ اور امریکا سے آئیں گے، مشرق وسطیٰ میں جنگی کشیدگی وجہ سے کچھ شائقین سفر سے گریز کررہے ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی فروخت میں اگلے 48گھنٹوں میں بہتری آئے گی ۔ سیکیورٹی کے بھر پور انتظامات کئے گئے ہیں۔کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق ، ٹکٹوں کی کم طلب کی وجوہات میں مہنگائی، پیکیج ڈیلز، اور اس بار ایشیا کپ میں بھارتی اور پاکستانی سپر اسٹار کرکٹرز کی کمی شامل ہیں۔ ٹیمیں پریکٹس سیشن کیلئے گراؤنڈ پہنچتی ہیں تو اُس وقت بھی شائقین کی تعداد انتہائی کم ہوتی ہے ۔