دبئی (عبدالماجد بھٹی) سلمان علی آغا کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز جمعے کی شام کو دبئی اسٹیڈیم میں کمزور حریف عمان کے خلاف میچ سے کررہی ہے۔ دونوں ٹیموں کا یہ پہلا انٹرنیشنل میچ ہے۔ جمعرات کی شام کو ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کیوریٹر کی موجودگی میں پچ کا معائنہ کیا ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کو اہم ترین میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کو اچھی پریکٹس ملے گی۔ مائیک ہیسن نے کہا کہ دبئی کی پچ شارجہ سے مختلف ہے۔ ہمارے پاس محمد نواز، ابرار احمد اور صفیان مقیم اور صائم ایوب جیسے اسپنر ، پانچ بہترین فاسٹ بولر ہیں ، صائم ایوب اس وقت دنیا کے ٹاپ ٹین آل راؤنڈرز میں سے ایک ہیں۔ پاکستان بھارت کے بڑے میچ کے بارے میں مائیک ہیسن نے کہا کہ میں نے پاک بھارت کے کئی میچ دیکھے ہیں ، کچھ میں کمنٹری بھی کی ہے۔ میری نظر میں دوسرے کئی میچوں اور دوسرے فائنل کی طرح عام میچ ہے۔ اتوار کے دن ہمارا مقصد یہ ہوگا کہ اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔ اچھی کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے بھارت پراعتماد ہے ہم ہردن بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم چیلنج کے لئے تیار ہیں ۔ دبئی اسٹیڈیم کی پچ دیکھنے گیا تھا یہ شارجہ سے مختلف ہے ، ہماری ٹیم متوازن ہے ، پچ کو ہم پچ ڈیل کرسکتے ہیں، پچ شارجہ کی طرح اسپن نہیں کرے گی۔ ہم نے دیکھا کہ کلدیپ یادیوکی بال ٹرن نہیں کررہی تھی کلائی والے اسپنر کو پچ سے فرق نہیں پڑتا۔ ہم نے شارجہ اسٹیڈیم میں راشد خان اور نور جیسے اسپنرز کو کھیلا۔ ایک میچ کے علاوہ بقیہ چار میچوں میں پار اسکور کو کراس کیا۔ دوسپر اسٹارز بابر اعظم اور محمد رضوان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میں نے ایمانداری سے اپنے دونوں کھلاڑیوں کو بتایا ہے کہ دور حاضر کے کیا تقاضے ہیں ماضی کے مقابلے میں اب اسٹرائیک ریٹ زیادہ چاہیے ہوتا ہے میں دنیا کے اس ملک سے آیا ہوں جہاں ایجنڈا نہیں ہوتا۔ اس لئے میری رائے کو ایجنڈے والی رائے نہ سمجھا جائے میں نے دیانت داری سے جو سوچا اپنی رائے دے دی۔ قبل ازیں بدھ کو تین گھنٹے کے پریکٹس سیشن میں کپتان سلمان آغا نے گردن میں کھنچاؤ کے سبب شرکت نہیں کی اور آرام کیا، توقع ہے کہ وہ جمعے تک مکمل فٹ ہوکر میچ کھیلیں گے۔ دوسری جانب ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر اشیا تلاش کرنے کا ’’بلائنڈ فولڈ چیلنج‘‘ دے کر نیا تجربہ کیا۔ کھلاڑیوں کے سامنے کبھی گیند اور کبھی پانی کا گلاس تلاش کرنے کا ہدف رکھا ۔ رہنمائی کے لیے ساتھ ایک ساتھی کھڑا ہوتا ۔ دلچسپ بات یہ کہ کچھ ساتھی مددگار نکلے اور کچھ شرارتی ۔ کسی نے قریب پڑا گلاس پاؤں سے دور کردیا تو کسی نے رہنمائی کی۔ کھلاڑی ٹھوکر کھاتے، قہقہے لگاتے رہے اور ہدف تک پہنچتے رہے ۔ دریں اثنا پاک بھارت میچ کے ٹکٹ نایاب ہورہے ہیں۔ ایسے مین دبئی میں مقیم ایک ارب پتی تاجر انیس ساجن نے اپنی کمپنی کے پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور نیپال سے تعلق رکھنے والے سات سو چھوٹے ملازمین میں ٹکٹ لکی ڈرا کے ذریعے تقسیم کئے ۔