کراچی ( ثاقب صغیر )قیوم آباد میں معصوم بچیوں کو جنسی درندگی کا نشانہ بنانے کا ایک بڑا اسکینڈل سامنے آیا ہے، درندہ صفت ملزم کے موبائل فون اور یو ایس بی ڈرائیو سے معصوم بچیوں کی 200 سے زائد ویڈیوز ملی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس تھانے کی حدود قیوم آباد سی ایریا گلی نمبر 18 میں شربت کی ریڑھی لگانے والا بھیڑیا صفت ملزم عوام کے ہتھے چڑھ گیا۔ملزم شبیر احمد کو علاقہ مکینوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ڈیفنس پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس کے مطابق ملزم سے تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم شبیر احمد کئی کم عمر بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنا چکا ہے اور وہ زیادتی کرتے ہوئے معصوم بچیوں کی ویڈیوز بھی بناتا تھا۔ایس ایس پی ساؤتھ مہظور علی نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزم کے موبائل فون اور یو ایس بی ڈرائیو سے 200 سے زائد معصوم بچیوں کی ویڈیوز ملی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے اور وہ سال 2016 میں کراچی آیا اور قیوم آباد میں کرائے کے کمرے میں رہتا ہے۔ملزم نے 7 سے 13 سال کی عمر کی بچیوں کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔انہوں نے بتایا کہ جنسی درندگی کا نشانہ بننے والی بچیاں اسی علاقے کی ہیں اور کئی بچیوں کو وہ متعدد بار زیادتی کا نشانہ بنا چکا ہے۔ملزم پیسوں اور چیز کا لالچ دے کر بچیوں کو اپنے ساتھ کمرے میں لے جاتا تھا ۔ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ کئی بچیاں پیسوں کے لالچ میں اس کے پاس آتی تھیں اور پھر وہ انھیں مزید پیسوں کا لالچ دے کر ان کی بہنوں اور کزنز کو بھی بلاتا تھا ۔ملزم نے دو بہنوں سمیت کئی کم عمر بچیوں کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم کے موبائل فون سے 100 سے زائد ویڈیوز ملی ہیں جبکہ اس کے پاس موجود یو ایس بی میں بھی 100سے زائد ویڈیوز موجود ہیں۔کئی ویڈیوز میں ملزم خود بھی نظر آ رہا ہے۔ملزم نے بتایا کہ اس کا ایک دوست آصف جس کا انتقال ہو چکا ہے اس نے ملزم کو اس لت میں لگایا۔ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق پولیس نے دو بہنوں سمیت پانچ بچیوں کے ساتھ زیادتی کے چار مقدمات اب تک درج کر لئے ہیں۔بچیوں کی عمریں 7 سے 13 برس ہیں۔متاثرہ بچیوں کے میڈیکل معائے جارہے ہیں جبکہ ملزم کے موبائل فون اور یو ایس بی سے ملنے والی ویڈیوز کے ذریعے دیگر بچیوں کے حوالے سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ملزم کی یو ایس بی ایک بچی کے ہاتھ لگی جسے وہ مقامی کمیونیکیشن شاپ پر فروخت کے لیے آئی جس کے بعد درندہ صفت ملزم بے نقاب ہو گیا۔پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور تفتیش میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔