• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کی فضائی گزرگاہ پر پابندیاں، پاک بنگلہ دیش پروازیں شروع نہ ہوسکیں

اسلام آباد(صالح ظافر) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع نہیں ہو سکیں کیونکہ پاکستان اور بھارت نے ایک دوسرے کے طیاروں کی اوور فلائنگ (فضائی گزرگاہ) پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک کی جانب سے جاری کردہ نوٹم (Notice to Airmen) پانچویں ماہ سے نافذ ہے۔امکان ہے کہ پاکستان اور بھارت فضائی پابندیوں میں مزید توسیع کر دیں گے۔ یہ پابندیاں اس سال مئی میں بھارتی جارحیت کے بعد لگائی گئی تھیں، جس میں بھارت کو ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اعلیٰ سفارتی ذرائع نے دی نیوز/جنگ کو بتایا کہ جیسے ہی پاکستان اور بھارت اوور فلائنگ کی اجازت دیں گے، دونوں برادر ممالک کے درمیان پروازیں شروع کرنے کے انتظامات فوری طور پر کر دیے جائیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ موجودہ نوٹم 23 ستمبر تک مؤثر ہے اور اس میں مزید توسیع کی جا سکتی ہے۔ اوور فلائنگ کی پابندیوں کی موجودگی میں دونوں ممالک کے طیاروں کو پاکستان-سری لنکا- میانمار- بنگلہ دیش کے طویل روٹ سے گزرنا پڑتا ہے اور واپسی پر بھی یہی راستہ اختیار کرنا ہوتا ہے۔ اس طرح پرواز کا دورانیہ سات گھنٹے سے زائد ہو جاتا ہے، جبکہ براہِ راست پرواز تقریباً تین گھنٹے میں مکمل ہوتی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری اسلام آباد، کراچی اور لاہور سے ڈھاکا تک ہوائی سروس شروع کرنے کی خواہش مند ہے۔
اہم خبریں سے مزید