اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اگلے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کی میزبانی کریگا جس کیلئے حکام کو ابھی سے تیاری شروع کرنی ہوگی، ٹی چوک فلائی اوور کا منصوبہ اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح کے شہریوں کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، ریل کار کے مجوزہ منصوبے سے جڑواں شہروں کے مکینوں کو مزید آسانیاں میسر آئیں گی، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو جی ٹی روڈ،اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے کے جنکشن (ٹی چوک )روات پر فلائی اوور کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میںوزیر داخلہ محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیر ریلوے حنیف عبا سی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، ارکان قومی اسمبلی عقیل ا نجم خان، راجہ خرم نواز،چیئر مین سی ڈی اے محمد علی رندھا وا بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح کے شہریوں کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔