کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے مونس عبداللہ علوی کو کے الیکٹرک کی سربراہی سے ہٹانے کا حکم مزید چار ہفتوں تک معطل کر دیا آئندہ سماعت پر حتمی فیصلہ متوقع ہے۔ قبل ازیں جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی دو رکنی بنچ نے سماعت شروع کرتے ہوئے شکایت کنندہ مہرین عزیز خان اور مونس عبداللہ علوی کے وکیلوں کے سامنے میرٹ سے ہٹ کر تجویز پیش کی کہ عدالت گورنر سندھ کو مقررہ مدت میں اپیل پر فیصلہ کرنے کے احکامات دے سکتی ہے جب تک محتسب اعلیٰ سندھ کا فیصلہ معطل رہے گا یعنی محتسب اعلیٰ کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ کا حکم امتناع برقرار رہے گا تاہم اس تجویز سے شکایت کنندہ مہرین عزیز خان نے اتفاق نہیں کیا اور فاضل بینچ کے روبرو کہا کہ مذکورہ اپیل قابل سماعت ہی نہیں ہے اور ان کے وکیل نے کہا کہ آرٹیکل 199 کے مطابق کسی اور فورم کی غیر موجودگی میں ہائی کورٹ اپیل کی سماعت کر سکتی ہے۔