کراچی (نیوز ڈیسک) ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ نوجوانوں میں اپنڈکس کے کینسر کی بیماری بڑھ رہی ہے۔ یہ ایک ایسا مرض ہے جسے بھلا دیا گیا تھا، لیکن ایک مرتبہ پھر یہ بیماری ابھر کر سامنے آتی دیکھی جا رہی ہے۔ سائنس میگزین کی رپورٹ کے مطابق، ماہرین حیران ہیں کیونکہ پہلے یہ مرض شاذ و نادر ہی نظر آتا تھا، اور ڈاکٹروں کو پوری زندگی میں ایک دو کیسز ملتے تھے، اور یہ عموماً بزرگ افراد میں پایا جاتا تھا۔ لیکن اب حالیہ مطالعہ ’’انالز آف انٹرنل میڈیسن‘‘ سے معلوم ہوا ہے کہ 1970ء کے بعد پیدا ہونے والوں میں اپنڈکس کینسر کی شرح تین سے چار گنا تک بڑھ گئی ہے، بالخصوص ان لوگوں میں جن کی عمر 50؍ سے کم ہے۔ اپنڈکس ایک چھوٹا سا عضو ہے جو بڑی آنت سے منسلک ہوتا ہے، اور اس کی سوزش یعنی Appendicitis عام بات ہے۔ لیکن اپنڈکس کینسر اب نوجوانوں میں بھی پھیل رہا ہے۔ اس کی علامات عموماً غیر مخصوص ہوتی ہیں مثلاً پیٹ میں ہلکی تکلیف، اپھارہ، یا پاخانے کے اوقات میں تبدیلی، جنہیں لوگ عام بیماری سمجھ لیتے ہیں۔