اسلام آباد( مہتاب حیدر) پاکستان آئندہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کے اجلاس کے لیے ایجنڈا حتمی شکل دینے کے عمل میں ہے، جس میں قراقرم ہائی وے (کے کے ایچ) فیز ٹو کے لیے 502 ارب روپے کی نظرثانی شدہ لاگت پر فنڈنگ حاصل کرنے کی درخواست بھی شامل ہے۔سی پیک کے تحت جے سی سی کا اجلاس 26ستمبر کو بیجنگ میں ہوگا، جس میں خواہشاتی فہرست میں کے کے ایچ فیز ٹو، مین لائن (ایم ایل-1)، اور ایسٹ بے ایکسپریس وے کو ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔ ایک اعلیٰ سرکاری ذریعے نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ "ہم جے سی سی اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کے عمل میں ہیں اور آئندہ ہفتے تک اسے مکمل کر لیں گے۔"اس نمائندے نے جمعہ کے روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے جے سی سی اجلاس کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ کام جاری ہے اور اگلے ہفتے تک مکمل ہو جائے گا۔ جب ان سے کے کے ایچ فیز ٹو کی نظرثانی شدہ لاگت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ 5.9ارب یوان (RMB) 100 کلومیٹر نئی الائنمنٹ پر خرچ ہوں گے جو پانی میں ڈوب جانے کے باعث دوبارہ تعمیر کی جا رہی ہے۔