اسلام آباد (صالح ظافر)نیپالی سفارت خانے نے 10ویں یوم آئین کی تقریبات منسوخ کر دیں، سفیر ریتا دھتیال نے جمعہ کی شام ایک مقامی ہوٹل میں ہونے والا استقبالیہ ملتوی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام میں نیپالی سفارتخانہ نے اپنے پروگرامز منسوخ کر دیے ہیں جو 10ویں آئینی دن کے جشن کے لیے منعقد کیے جانے تھے، جو ملک کا قومی دن بھی ہے اور 19ستمبر (جمعہ) کو منایا جاتا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے ایک ہوٹل میں اس موقع پر سفیر ریتا دھیتال کی جانب سے دی جانے والی استقبالیہ تقریب بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔ سفارتخانے نے اس موقع پر تقریباً سات سو مہمانوں کو مدعو کیا تھا۔ دعوت نامے جاری کیے جا چکے تھے اور اب انہیں افسوس کے ساتھ اطلاع دی جا رہی ہے کہ نیپال میں موجودہ حالات کی وجہ سے استقبالیہ تقریب مؤخر کر دی گئی ہے۔