• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتضیٰ وہاب نے عباسی شہید اسپتال میں ہیموفیلیا وارڈ کا افتتاح کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئرکراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے عباسی شہید اسپتال میں پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے خواتین کے لیے مخصوص ہیموفیلیا وارڈ کا افتتاح کر دیا جس میں خواتین مریضوں کے علاج اور سہولت کے لیے جدید انتظامات کیے گئے ہیں،اس وارڈ میں ہیموفیلیا سے متاثرہ مریضوں کے لیے علیحدہ کمرے اور بستر فراہم کیے گئے ہیں تاکہ علاج کے دوران مریض خواتین کی پرائیویسی اور آرام کو یقینی بنایا جا سکے، وارڈ میں ہیموفیلیا اسپیشلسٹ ڈاکٹرز اور تربیت یافتہ نرسز ہمہ وقت موجود ہوں گی جبکہ خون کے جمنے کی ادویات اور دیگر جدید سہولیات بھی دستیاب ہوں گی،علاج کے دوران داخل مریضوں اور اُن کے کیریئرز کو خصوصی آگاہی فراہم کی جائے گی تاکہ مرض کی شدت اور پیچیدگیوں سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نےان خیالات کا ہفتہ کے روز عباسی شہید اسپتال میں قائم پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے خواتین کے لیے مختص ہیموفیلیا وارڈ کا افتتاح کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی نے کہا کہ ہیموفیلیا صرف مردوں کو ہی نہیں بلکہ خواتین کو بھی متاثر کر سکتا ہے لہٰذا اس وارڈ کا قیام ایک اہم اور مثبت قدم ہے،ایمرجنسی کی صورت میں فوری علاج کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے جس سے ہیموفیلیا مریض خواتین کو بہتر اور بروقت جدید اور مفت طبی امداد میسر آسکے گی، یہ سہولت عوام کے لیے امید کی نئی کرن ہے کیونکہ ہیموفیلیا جیسا مہنگا علاج اب ایک عام شہری کی دسترس میں آ گیا ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں پاکستان ہیموفیلیا سوسائٹی اور خصوصاً عظمت اللہ لوند کا شکر گزار ہوں جنہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اس نیک کام میں حصہ لیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید