کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کیماڑی کے تحت ای پی آئی سندھ، یونیسف، ڈبلیو ایچ او، گاوی اور مرشد اسپتال کے تعاون سے ہیومن پیپیلوما وائرس ویکسین کے حوالے سے آگاہی اور ایڈووکیسی سیشن کا انعقاد کیا۔تقریب ہفتہ کومرشد اسپتال کیماڑی میں منعقد ہوئی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد ضلعی ہیلتھ آفیسر کیماڑی ڈاکٹر ولی محمد رحیموں نے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ ڈاکٹر حرا ظہیرنے ایچ پی وی مہم پر جامع بریفنگ دی اور پروگرام کی نظامت بھی کی۔مرشد اسپتال کے سی ای او نے افتتاحی کلمات میں اسپتال کی جانب سے حفاظتی صحت خدمات کے تسلسل کے عزم کا اعادہ کیا۔ گائناکالوجسٹ ڈاکٹر سمرین نے سروائیکل کینسر کی روک تھام اور نوعمر بچیوں کے لیے ایچ پی وی ویکسین کی افادیت پر روشنی ڈالی۔تقریب میں ایم پی اے فہیم پٹنی، ایم پی اے آصف موسیٰ اور ٹاؤن چیئرمین عبدالکریم اسکانی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے مقامی برادری کی شمولیت کو مہم کی کامیابی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ ڈپٹی کمشنر کیماڑی نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر I عبدالستار ہکڑونے شرکاء سے کہا کہ وہ اپنے خاندانوں اور برادری میں ویکسینیشن کا پیغام عام کریں۔