کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینیئر سول جج جنوبی کی عدالت میں ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں دھماکے سے متعلق حادثے میں جاں بحق نوجوان کی والدہ نے گودام مالکان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا ۔ مقامی عدالت میں دائر کئے گئے ہرجانے کے دعوے میں درخواست گزار کا موقف ہے کہ فیکٹری مالکان اور سندھ حکومت کے خلاف جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔ 21اگست کو ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے غیر قانونی گودام میں دھماکہ ہوا، دھماکے کے نتیجے میں 16سالہ سید اسد شاہ جاں بحق جبکہ سید اظفر شاہ شدید زخمی ہوا، فیکٹری اور گودام مالکان کی غفلت کے باعث درخواست گزار کا بیٹا جاں بحق ہوا، دھماکے کے مقدمے کے اندراج کے باوجود تاحال فیکٹری منتقل نہیں کی گئی ہے، حادثے کے ذمہ داران ہرجانے کی مد میں پانچ کروڑ 37 لاکھ روپے ادا کریں۔