اسلام آباد ( طاہر خلیل ) برطانیہ نے سنگین جرائم سے نمٹنے کیلئے پاکستان میں ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا ،اسے فروری 2025 میں پائلٹ کیا گیا تھا اور اب اسے ملک بھر میں اے این ایف کے تمام ریجنل ہیڈ کوارٹرز اور پولیس اسٹیشنوں میں متعارف کرایا گیا ۔ یہ نظام ڈیٹا کی درستگی کو بہتر ، تاخیر کو کم کرتا ہے، اور تیزی سے نفاذ کی کارروائیوں کی مدد کرتا ہے۔ افتتاحی تقریب میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور وفاقی وزیر برائے داخلہ و انسداد منشیات سید محسن رضا نقوی ، اے این ایف کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبدالمعید اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور دیگر شراکت داروں کے نمائندوں نے شرکت کی ،وزیر داخلہ نے تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ برطانوی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،یہ ڈیجیٹل تبدیلی، جسے برطانوی ہائی کمیشن کا تعاون حاصل ہے، اس سے اے این ایف کو زیادہ تعداد میں منشیات کے مقدمات کو بہترکارکردگی کے ساتھ نمٹانے میں مدد ملے گی ۔