کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کیماڑی سے وابستہ آئی ٹی کورسز کرنے والے طلبہ و طالبات شائننگ اسٹار اور مستقبل میں ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں،مغربی ممالک میں نوجوان ناپید ہیں، جاپان بڑھاپے کی دہلیز پر پہنچ چکا ہے لیکن پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، بدقسمتی سے قائداعظم کی آنکھیں بند ہونے کے بعد ملک پر قابض حکمرانوں نے پاکستان کو اس کے اصل مقصد سے دور کردیا، نوجوان روزگار کمانے کے لیے ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں، ہم نوجوانوں کا ہاتھ تھام کر انہیں پاکستان میں ہی روزگار کمانے کے مواقع فراہم کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسٹم ہال جیکسن کیماڑی میں شیراز خان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور بنو قابل کے اشتراک سے ایڈوانس کمپیوٹر کورسز کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد و انعامات تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی سفیان دلاور، شیراز خان نے بھی خطاب کیا،تقریب میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں،منعم ظفر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کے تحت اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے 18ستمبر کو شاہراہ قائدین پر اسکولوں کے طلبہ و طالبات کا مارچ“منعقد کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے حکمرانوں اور قابض میئر نے شہر کی جو حالت کر دی ہے وہ سب کے سامنے ہے۔