• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے بوسیدہ نکاسی آب کے نظام کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے، الطاف شکور


کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے اسٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں پنجاب کے شہر گجرات کے لیے نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے خصوصی پیکج کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ میگا سٹی کراچی کے بوسیدہ اور ناکارہ نکاسی آب کے نظام کے لیے بھی فوری طور پر ایک خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے، کراچی کے برساتی نالوں اور قدرتی آبی گزرگاہوں کو بحال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ان کی صفائی، کشادگی اور حفاظت کو یقینی بنایا جائے، سیوریج اور بارش کے پانی کے نظام کو علیحدہ کیا جائے اور میگا سٹی کے لیے جدید سیوریج انفرااسٹرکچر بنایا جائے، کراچی کے لیے مربوط شہری منصوبہ بندی کی جائے۔ شہر میں مختلف اداروں کی جگہ ایک مربوط اتھارٹی کو نکاسی آب کے نظام کی مکمل نگرانی دی جائے تاکہ مؤثر فیصلے اور اقدامات کیے جا سکیں،کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے موثر حکمت عملی بنائی جائے تاکہ کچرا نالوں میں نہ ڈالا جائے۔ کراچی کو ہر سیلاب کے بعد صرف صفائی مہم کی نہیں، بلکہ نکاسی آب کے نظام کی مکمل تعمیر نو کی ضرورت ہے، جس کے لیے طویل مدتی سرمایہ کاری، منصوبہ بندی کا نظم و ضبط اور سیاسی عزم ناگزیرہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید