کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماء و رکن قومی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے اپنے حلقہ انتخاب نیو کراچی اور نارتھ کراچی کے بارش سے متاثرہ علاقوں کا ایم کیو ایم پاکستان کے ذمہ داران و کارکنان کے ہمراہ دورہ کیا اور مکینوں سے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ تباہی بارش کی نہیں بلکہ انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی کی دین ہے، انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ کے پاس اربوں روپے موجود ہونے کے باوجود نکاسیٔ آب کا مؤثر انتظام نہیں کیا گیا، عوام گندے پانی میں ڈوبے بیٹھے ہیں، بیماریاں پھیل رہی ہیں لیکن شہری حکومت اور ٹاؤن انتظامیہ صرف نمائشی دوروں اور کھوکھلے بیانات تک محدود ہیں، انہوں نے متعلقہ یونین کونسل چیئرمین کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یوسی چیئرمین عوامی ووٹوں سے منتخب ہو کر بھی اپنے علاقے کے مین ہول تک بند نہیں کروا سکے، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر نکاسیٔ آب، کھلے مین ہولز کی بندش اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے عملی اقدامات نہ کیے گئے تو عوام کو ساتھ ملا کر بھرپور احتجاج کیا جائے گا، ساتھ ہی قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد ذمہ دار چیئرمینوں اور انتظامی افسران کے خلاف عدالت میں مقدمات بھی دائر کیے جائیں گے ، عوام اب مزید جھوٹے وعدوں پر یقین نہیں کریں گے اور اگر حکومت اور بلدیاتی نمائندے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتے تو انہیں عوامی ردعمل اور قانونی کارروائی دونوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔