کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حب کینال بدھ کے روز ہونے والی بارش اور برساتی ریلے سے متاثر ہوئی تھی اطراف کی مٹی پانی میں بہہ جانے کے باعث کینال ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی اور نہر کا بیس میٹر کا حصہ متاثر ہوا میئر نے کہا کہ شہریوں کو حب ڈیم سے پانی کی فراہمی اتوار کی صبح 7 بجے سے شروع کردی گئی ہے،ترجمان واٹر کارپوریشن نے کہا کہ متاثرہ حب کینال کے حصے کا مرمتی کام 72 گھنٹوں کی قلیل مدت میں کامیابی کے ساتھ مکمل کرکے کینال کو دوبارہ فعال بنا دیا گیا ہے ،ترجمان نے کہا کہ مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد رائزنگ مین اور لائنوں کو چارج کرنے کا عمل جاری ہے اور جیسے ہی لائنیں مکمل طور پر چارج ہوں گی تو ضلع وسطی، غربی اور کیماڑی میں پانی کی فراہمی بحال کردی جائے گی ، واٹر کارپوریشن پانی کی فراہمی کو مکمل طور پر معمول پر لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے،دریں اثنا میئر کراچی نے کہا ہے کہ بارشوں کے بعد کی صورتحال اور عوامی مسائل کو وہ خود مانیٹر کر رہا ہوں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ تمام ترقیاتی منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں، میئر نےسی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کے ہمراہ اولڈ سٹی ایریا، برتن گلی، کھجور بازار، جوڑیا بازار، نیپئر روڈ اور شاہین کمپلیکس سمیت مختلف مقامات کا تفصیلی دورہ کرکے سیوریج لائنوں کی تنصیبات اور مرمتی کاموں کا معائنہ کیا، انہوں نے مقامی رہائشیوں اور دکانداروں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور شکایات سنیں اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام شکایات کا فوری اور مؤثر حل یقینی بنایا جائے،میئر کراچی نے شہریوں کو یقین دلایا کہ کراچی کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔