دبئی (نمائندہ خصوصی)عام طور پر ٹاس کے وقت دونوں کپتان ہاتھ ملاتے ہیں لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کے میچ میں سلمان علی آغا اور سوریا کمار یادیو نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا ، نہ مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا۔ کپتانوں کی سنجیدگی بتارہی تھی کہ حالات کشیدہ ہیں۔ دونوں اسی طرح میچ ریفری سے ملے لیکن آپس میں کوئی رابطہ نہ ہوا۔ جس سے یہ بات واضح نظر آئی کہ اب کرکٹ سے بڑھ کر دونوں ملکوں کے تعلقات پوائنٹ آف نو ریٹرن پر ہیں۔ سلمان علی آغا اور سوریا کمار یادیو سنجیدگی سے اپنے میڈیا منیجرز کے ساتھ آئے، سوریا نے سکہ اچھالا اور سلمان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تماشائیوں نے اپنی ٹیم کی حمایت میں نعرے لگائے۔ پاکستان نے اپنی اسی ٹیم کو برقرار رکھا جس نے پہلے میچ میں عمان کو شکست دی تھی۔ میچ کیلئے پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔ صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، محمد حارث، فخر زمان، سلمان آغا (کپتان)، حسن نواز،محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی،صفیان مقیم اور ابرار احمد ۔