کراچی (نیوز ڈیسک) ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ الٹرا پراسیسڈ فوڈز مردوں کی صحت پر تین اہم طریقوں سے منفی اثر ڈال رہے ہیں، ان کا وزن بڑھ رہا ہے، قدرتی ہارمونز میں خلل پیدا ہو ر ہا ہے اور تولیدی لحاظ سے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ سائنس میگزین کی رپورٹ کے مطابق، ڈنمارک کی یونیورسٹی آف کوپن ہیگن کی ٹیم نے 20؍ سے 35؍ سال کی عمر کے 43؍ صحت مند مردوں پر دو طرح کے کھانے آزمائے، ایک ایسی خوراک جس میں زیادہ تر کیلوریز تیار شدہ خوراک سے تھیں، اور دوسری جس میں کیلوریز غیر تیار شدہ یعنی قدرتی کھانوں سے تھی۔ دونوں خوراکوں میں کیلوریز اور غذائی اجزاء تقریباً برابر تھے۔ تیار شدہ خوراک (الٹرا پراسیسڈ فوڈز) والی خوراک کھانے سے مردوں کا وزن بڑھ گیا اور ان کے جسم میں تقریباً ایک کلوگرام چربی (فیٹس) بڑھ گئی۔