• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں ایک لاکھ سے زائد نسل پرستوں اور امیگریشن مخالفین کا مظاہرہ

کراچی (نیوز ڈیسک) برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں دائیں بازو کے رہنما ٹومی رابنسن کی قیادت میں ایک بڑا مظاہرہ ہوا، جس میں پولیس کے اندازے کے مطابق ایک لاکھ سے زیادہ افراد شریک ہوئے۔ یہ مارچ ’’یونائیٹ دی کنگڈم‘‘ کے نام پر کیا گیا، اس میں زیادہ تر شرکاء نے امیگریشن اور حکومت کی پالیسیوں کیخلاف نعرے لگائے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، مظاہرے کے دوران پولیس کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں 26 پولیس والے زخمی ہوئے جن میں چار کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ 25 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ کئی مظاہرین نے پولیس کی رکاوٹیں توڑنے اور تشدد کی کوشش بھی کی۔ ٹومی رابنسن، جن کا اصل نام اسٹیفن لینن ہے، نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ مارچ آزادیٔ اظہار اور برطانوی اقدار کی حفاظت کیلئے ہے۔ شرکاء نے نعرے لگائے کہ ’’پناہ گزینوں کو واپس بھیجو‘‘ اور حکومت پر کڑی تنقید کی۔ اسی دوران لندن میں ایک اور مظاہرہ بھی ہوا جو جو امیگریشن مخالفین اور نسل پرستوں کیخلاف تھا، تاہم اس میں صرف پانچ ہزار افراد نے شرکت کی۔
اہم خبریں سے مزید