حیدرآباد (بیورو رپورٹ)دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر آئندہ چند روز میں درمیانے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ سیلابی صورتحال کے باوجود محکمہ آبپاشی سندھ نے صوبے میں نہری پانی کی وارابندی جاری رکھی ہوئی ہے۔کاشتکاروں کے مطابق ایریگیشن افسران چاہتے ہیں دریا میں پانی کی مقدار بڑھنے سے سیلاب آئے تاکہ فنڈز حاصل کئے جاسکیں۔پانی کی وارابندی سے ہزاروں ایکڑ پر مشتمل گنے،کپاس،آم کے باغات اور سبزیوں کی فصلیں سوکھ رہی ہیں۔ حیدرآباد ڈویژن میں لائنڈ چینل، پنیاری، نانگنا،بلغاء کینالز سمیت بیشتر کینالز ونہروں میں ہفتہ وار یا پندرہ روزہ پانی کی بندش جاری ہے۔ملک کے بالائی علاقوں اور سندھ کے بیراجز پر سیلابی صورتحال اور بیراجز پر اونچے درجے کے سیلاب کے باوجود محکمہ آبپاشی نہری پانی کو روک کر سیلاب کی صورتحال کو سنگین ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ حکومت سے عوام کی حفاظت کے نام پر فنڈز جاری کرائے۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ سکھر بیراج پر درمیانے اور گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلابی ریلا گذر رہا ہے۔