• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت میچ میں ہینڈ شیک کا تنازع، ریفری تبدیل نہ کیا تو مزید میچ نہیں کھیلیں گے، پاکستان، ایشیا کپ خطرے سے دوچار

دبئی (عبدالماجد بھٹی) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے میچ میں ہینڈ شیک کا تنازع نے شدت اختیار کر گیا، پاکستان نے آئی سی سی سے کہا ہے کہ میچ ریفری کو نہ ہٹایا تو پاکستان ایشیا کپ میں مزید میچز نہیں کھیلے گا،آئی سی سی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ میچ ریفری نے کھیل کے روح کیخلاف اقدام کیا،ICCضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، پاکستانی کپتان سے کہا ٹاس پر ہینڈ شیک نہیں ہوگا، میچ ریفری اینڈی پائی کو ہٹایا جائے، کھیل میں سیاست کو گھسیٹنا اسکی روح کیخلاف ہے، جبکہ پی سبی بی چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ میچ ریفری نے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، میچ ریفری کو فوراً ایشیا کپ سے ہٹا دیا جائے، پاکستان کے عزت و وقار سے زیادہ کچھ نہیں، پاکستان نے بھارتی اقدام پر ردعمل میں تاخیر کرنے پر اپنے ڈائریکٹر انٹر نیشنل کرکٹ عثمان واہلہ معطل کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہینڈ شیک تنازع کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ زمبابوے سے تعلق رکھنے والے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹا یا جائے، میچ ریفری تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گا اس طرح ایشیا کپ شدید خطرات سے دوچار ہوگیا ہے لیکن آئی سی سی کی جانب سے خاموشی اختیار کی گئی ہے۔دوسری جانب پی سی بی میچ ریفری کی شکایت کیلئے تاخیر سے آئی سی سی کو خط لکھنے پر اپنے ڈائریکٹر انٹر نیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو معطل کردیا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ عثمان واہلہ کو ایشیا کپ کے میچ میں بھارتی ٹیم اور میچ ریفری کے حوالے سے ردعمل دینے میں تاخیر پر معطل کیا گیا ہے۔ پیر کو چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو شکایت کی ہے، میچ ریفری نے کرکٹ کی اسپرٹ کے خلاف اقدامات کیے ہیں۔ میچ ریفری کی جانب سے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر باضابطہ شکایت کی گئی، پی سی بی نے ایشیا کپ سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔اینڈی پائی کرافٹ بدھ کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے میچ میں بھی ریفری ہیں۔واضع رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے ایشیا کپ کے میچ میں ٹاس سے قبل میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے دونوں کپتانوں کو ٹاس کے بعد مصافحہ کرنے سے منع کیا تھا جس پر پاکستان کے ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے شدید تنقید کی تھی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان نے باضابطہ طور پر فیصلہ کرلیا ہے کہ میچ ریفری کے ہٹانے تک پاکستان ایشیا کپ میں بقیہ میچ نہیں کھیلے گا۔چیئرمین پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ٹوئٹ میں لکھا کہ پی سی بی نے آئی سی سی میں شکایت درج کرائی ہے۔ پی سی بی نے آئی سی سی کو بتایا کہ میچ ریفری نے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق اور ایم سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔محسن نقوی نے ایک اور پیغام میں یہ بھی کہا کہ ان کیلئے پاکستان کے عزت اور وقار سے زیادہ کچھ اہم نہیں۔ پی سی بی نے مطالبہ کیا ہے کہ میچ ریفری کو فوراً ایشیا کپ سے ہٹا دیا جائے پاکستان نے آئی سی سی سے میچ ریفری کی جانب سے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق اور ایم سی سی کے کھیل کی روح کے حوالے سے قوانین کی خلاف ورزی کے بارے میں شکایت کی ہے۔پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ کا کہنا ہے کہ ٹاس کے وقت تو میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے کپتانوں سے ہاتھ نہ ملانے کی درخواست کی تھی اور انھوں نے ریفری کے اس رویے پر باقاعدہ احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔نوید اکرم چیمہ نے بھارتی کھلاڑیوں کے ہاتھ نہ ملانے کو سپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف قرار دیا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے بھارتی کھلاڑیوں کے اس رویے کیخلاف احتجاجاً اختتامی تقریب میں شرکت نہیں کی۔

اہم خبریں سے مزید