کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتےہوئے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہےکہ دنیا میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے رویئے کو کسی نے بھی نہیں سراہا،کرکٹر احمد شہزاد نے کہا کہ بھارتی کپتان نے واضح کہا ہے کہ ہماری حکومت اور بی سی سی آئی اس معاملے میں ایک پیج پر ہیں ،سابق کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ اگر آپ کا دشمن آپ کے گھر بھی آتا ہے تو آپ اس سے ہاتھ ملاتے ہیں انہوں نے ایسی حرکت کی ہے جس کی کوئی معذرت نہیں ہے۔سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا میں پہلے بھی جنگیں ہوتی آئی ہیں لیکن چاہے کرکٹ ہو ہاکی ہو یا کبڈی ہو ایساپہلی دفعہ دیکھنے میں آیا ہے یہ اسپرٹ آف دی گیم کے خلاف ہے اور دنیا میں اس بات کو کسی نے بھی نہیں سراہا۔ کل ہمارے مینیجر چیمہ یا کپتان سلمان کی طرف سے فوری طور پر واضح بیان آنا چاہیے تھا ۔ بھارتی کپتان نے کل آئی سی سی کے کورٹ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پریس کانفرنس میں بات کی جبکہ اس میں آپ مذہب، سیاسی بیان اور آرمی یا فورسز کی بات نہیں کرسکتے اگر کرسکتے ہیں تو آئی سی سی کی اجازت کے بعد کرسکتے ہیں اگر آئی سی سی نے ایسی اجازت دی ہے تو وہ سامنے آنا چاہیے۔ماضی میں عثمان خواجہ اور معین علی نے غزہ کے لیے کچھ کیا تھا اس پر انہیں پچیس فیصد جرمانہ ہوا تھا۔جذباتی ہم ہوسکتے ہیں لیکن ہماری بیوروکریسی اور بورڈ کو جذبات میں فیصلے کرنے کے بجائے وہ فیصلے کرنے چاہئیں جو ہمارے ملک اور کرکٹ کے لیے بہتر ہواور یہ بہت اچھا ٹائم ہے یہاں ڈیسائڈ کرنا چاہیے کہ پاکستان آگے کھیلے گایا نہیں کھیلے گا۔