پشاور(این این آئی)ورلڈ سوئسائیڈ پریونشن ڈے کے موقع پر خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) انسٹی ٹیوٹ آف پبلک منٹل ہیلتھ اینڈ بیہیویٔرل سائنسز (IPMH&BS) کے زیر اہتمام ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے خودکشی کی وجوہات، اس کی روک تھام اور ذہنی صحت کے فروغ کے حوالے سے نہایت اہم نکات اجاگر کیے۔ مہمانِ خصوصی کنسلٹنٹ سائیکاٹرسٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرتی بیداری اور بروقت مداخلت کے ذریعے خودکشی جیسے المیہ سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ روایتی معالجین اگر خودکشی کے خطرے سے دوچار افراد کو وقت پر ماہرینِ نفسیات کے پاس ریفر کریں تو قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے۔ ڈائریکٹر ایڈمیشنز کے ایم یو، محمد ارشد خان نے کہا کہ ذہنی دباؤ اور اضطراب تیزی سے بڑھ رہا ہے اور نوجوان نسل شدید مشکلات کا شکار ہے۔