پشاور (خصوصی نامہ نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کی پانچ ٹیموں نے ضلع چارسدہ کے ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں ایک روزہ انسداد ڈینگی مہم میں حصہ لیا، تحصیل شبقدر، تحصیل تنگی اور متعدد یونین کونسلوں میں مائع اور گیس سپرے کیا، لوگوں کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ اور لاروا تلف کیا۔ ٹیمیں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی یاسر علی خان کی ہدایت پر جذبہ خیر سگالی اور انسداد ڈینگی مہم میں مدد کے لئے بھیجی گئی تھیں جنہوں نے جنرل منیجر آپریشن محمد اعجاز کی قیادت میں صبح سے لیکر رات گئے تک منتخب نمائندوں، ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کی مشاورت سے متاثرہ علاقوں میں سرگرمیاں انجام دیں۔ٹیموں نے یونین کونسل رجڑ 1، یونین کونسل ایم سی 1، 2، 3، 4 اور یو سی اتمانزئی کے 390 گھروں میں مائع سپرے، تحصیل تنگی، تحصیل شبقدر ، یونین کونسل رجڑ 1، یونین کونسل اتمانزئی، یو سی ایم سی 1، 2، 3، ایم سی یو سی 4 شیخان، یو سی مندنی ڈھکی کے تمام علاقوں میں فیومیگیشن (گیس) سپرے کیا۔چیئرمین ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی (ڈیڈک) چارسدہ ایم پی اے افتخار اللہ جان، ضلعی انتظامیہ اور مقامی منتخب نمائندوںنے ٹیمیں بھیجنے پر سی ای او یاسر علی خان اور ڈبلیو ایس ایس پی مینجمنٹ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔