پشاور(جنگ نیوز)چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرصدارت گورننس امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں تجاوزات کے خاتمے، اشیائے خورونوش کی قیمتوں، ماحولیاتی تحفظ اور سیلاب سے بچاؤ کے لئے نکاسی آب کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے جبکہ ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن میں خاطر خواہ پیشرفت ہوئی ہے اور گزشتہ ہفتے کے دوران چارسدہ، ہری پور، مردان، شانگلہ، نوشہرہ، ایبٹ آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں وہ تمام غیر قانونی تجاوزات ہٹائی گئی ہیں جن کی نشاندہی کی گئی تھی۔ چیف سیکرٹری نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ملکیتی زمینوں پر قائم تجاوزات کی نشاندہی کریں اور ضلعی انتظامیہ کی مدد سے ان تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں۔ انہوں نے دریاؤں اور شہری علاقوں میں رکاوٹیں دور کرنے اور تجاوزات کے خاتمے کے بعد حدود واضح کرنے کی ہدایت کی۔