بیلہ (نامہ نگار) پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون اور سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے کہا ہے کہ تعلیم کی روشنی ہی سے معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے جو یقیناً نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے اور اسی خاطر ضلع لسبیلہ کے تعلیمی میدان میں تاریخی پیش رفت کرتے ہوئے اکہتر بند سرکاری اسکولوں کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے ـ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسکولوں کی بحالی کے بعد ہزاروں بچوں کو تعلیم جاری رکھنے کا موقع میسر آیا ہے اور اب تک چار سو سے زائد طلبہ و طالبات کو تعلیمی مواد بھی فراہم کیا جا چکا ہے ـ زرین خان مگسی نے مزید کہا کہ تعلیم کے فروغ کیلئے مقامی نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر اساتذہ کی حیثیت سے بھرتی کیا گیا تاکہ دور دراز کے علاقوں میں بھی معیاری تعلیم تک رسائی ممکن بنائی جا سکے ـ