کوئٹہ(پ ر)بلوچستان کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن کرن بلوچ نے کہا ہے کہ خواتین معاشرے کی نصف آبادی ہیں اور بلوچستان کی پائیدار ترقی اُن کی فعال شمولیت کے بغیر ممکن نہیں۔ کمیشن خواتین کو ان کے بنیادی حقوق، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو فیصلہ سازی کے ہر فورم میں نمائندگی دینا لازمی ہے تاکہ اُن کی آواز براہِ راست پالیسی سازی کا حصہ بن سکے۔ایک بیان میں چیئرپرسن نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ چاہے وہ تعلیم کا میدان ہو، کھیل، فنونِ لطیفہ یا سیاست،ہمارے صوبے کی بیٹیاں اپنی محنت اور قابلیت سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں۔ ہمارا فرض ہے کہ اُن کے راستے کی رکاوٹیں دور کریں اور انہیں محفوظ، منصفانہ اور مساوی مواقع فراہم کریں۔