• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمباکو کی غیر قانونی تجارت، قومی خزانے کو سالانہ 1 ارب ڈالر کا نقصان

اسلام آباد (مہتاب حیدر) تمباکو کی غیر قانونی تجارت، قومی خزانے کو سالانہ ایک ارب ڈالر کا نقصان، فلپ مورس کا پاکستان سے ریٹیل اور ڈسٹری بیوشن سطح پر ہدفی نفاذی اقدامات کا مطالبہ ۔ تمباکو کے شعبے میں غیر قانونی تجارت میں اضافے کے باعث قومی خزانے کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔ اس پس منظر میں فلپ مورس پاکستان نے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ ریٹیل اور ڈسٹری بیوشن سطح پر ہدفی نفاذی اقدامات کریں تاکہ اس بڑھتے ہوئے مسئلے پر قابو پایا جا سکے۔ فلپ مورس پاکستان لمیٹڈ کے ڈائریکٹر خارجہ امور خرم قمر نے منگل کو صحافیوں کے ایک منتخب گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ ریٹیل اور ڈسٹری بیوشن سطح پر ہدفی نفاذی اقدامات کریں تاکہ بڑھتی ہوئی غیر قانونی سگریٹ تجارت پر قابو پایا جا سکے، جو پاکستان کی معیشت کو مسلسل نقصان پہنچا رہی ہے اور قانونی کاروبار کو کمزور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب غیر قانونی سگریٹ پاکستان کی سگریٹ مارکیٹ کا 57 فیصد سے زیادہ حصہ بن چکے ہیں، جس سے ایک غیر مساوی میدان پیدا ہو گیا ہے جو قانون کی پاسداری کرنے والے مینوفیکچررز کو شدید نقصان پہنچاتا ہے اور صنعت کی ساکھ کو کمزور کرتا ہے۔ خُرم نے اس بات پر زور دیا کہ مؤثر نتائج کے لیے نفاذ کو یکسو اور مربوط انداز میں انجام دینا ضروری ہے۔
اہم خبریں سے مزید