ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ لیبر ملتان نے کم از کم اجرت کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں مزدوروں اور محنت کشوں کی کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ محکمہ لیبر حکام کے مطابق آج سے تمام انسپکٹرز فیکٹریوں، صنعتی اداروں اور کاروباری مراکز کا وزٹ کریں گے اور یہ جائزہ لیں گے کہ نوٹیفکیشن پر مکمل عمل کیا جا رہا ہے یا نہیں۔ ذرائع کے مطابق جہاں کہیں خلاف ورزی پائی گئی وہاں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب نے واضح کیا ہے کہ مزدوروں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔