اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی متفرق درخواستوں کی سماعت ملتوی کر دی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پیر کو پہلے ہی کافی کیسز ہیں، روسٹر دیکھ کر کیسز مقرر کرنے کا جائزہ لیں گے، دیکھیں گے یہ درخواستیں سماعت کیلئے کب لگائی جا سکتی ہیں۔ گزشتہ روز جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے متفرق درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر، علی بخاری اور سردار مصروف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اپنایا کہ ایک ماہ سے کیسز تیزی سے چل رہے ہیں، پیر کو فیصلہ سنائے جانے کی امید ہے، لہٰذا بریت کی درخواستیں اسی روز مقرر کی جائیں۔