اسلام آباد (محمد صالح ظافر ،خصوصی تجزیہ نگار)افغان نژاد امریکی سابق سفارت کار زلمے خلیل زاد پاکستان کے خلاف صرف اس وقت مصروف عمل یا سوچ نہیں رہا ہوتا جب وہ نیند لے رہا ہوتا ہے: دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کا طالبان کے حوالے سے زلمے کے بیان پر سوال کے جواب میں دلچسپ تبصرہ،ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں رہے سابق امریکی سفیر کے بارے سبھی کو معلوم ہے کہ وہ بڑھ چڑھ کر پاکستان کے خلاف لب کشائی میں مصروف رہتا ہے،پاکستان کی طرف سے مودی کی 75ویں "برسی" پر کوئی ہدیہ تبریک یا پھول مالا بھیجی گئی ؟ جس پر پھر قہقہے، صحافی کی فوری تصحیح، برسی نہیں سالگرہ، ترجمان نے کہا کہ "نہیں " کوئی مبارک یا تحفہ روانہ نہیں کیا گیا،بگرام کے وسیع و عریض افغانستان کے ہوائی اڈے کا دوبارہ قبضہ حاصل کرنے کے لئے صدر ٹرمپ کے بیان پر وزارت خارجہ کے ترجمان کا تبصرے سے گریز،افغان نژاد امریکا کے سابق سفارتکار زلمے خلیل زاد جب سورہا ہوتا ہے تو پاکستان کے بارے میں سرگرمیوں اور لب کشائی کا مرتکب نہیں ہوتا وگرنہ وہ ہر وقت پاکستان کے مفاد کے سلسلے میں حرکتوں کا ارتکاب کرتا رہتا ہے یہ بات دفتر خارجہ کے ترجمان ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ شفقت علی خان نے جمعہ کو اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران زلمے خلیل زاد کے طالبان کے ضمن میں ایک تبصرے کے جواب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا انفرادی بیانات پر مبنی تبصروں اور تخمینوں سے بھرا ہوتا ہے پاکستان کے بارے میں آگے بڑھ کر مخالفت کرنا زلمے خلیل زاد کا چلن ہے اس بارے میں سب جانتے ہیں پاکستان کے منافی حرکتیں ان کا شعار ہے ’’میرے خیال میں وہ پاکستان کے بارے میں صرف اس وقت ایسا نہیں سوچ رہے ہوتے جب وہ محو نیند ہوں‘‘ شفقت علی خان نے بگرام کے وسیع و عریض افغان ہوائی اڈے کو افغانستان سے واپس لینے کے بارے میں امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے ارادے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا کہ ہمارے خطے میں جو کچھ رونما ہورہا ہوتا ہے ہم اس پر نگاہ رکھتے ہیں لیکن میں متذکرہ معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا۔ بریفنگ اس وقت قہقہوں سے زعفران زار بن گئی جب ایک صحافی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں پوچھا کہ پاکستان نے ان کی 75 ویں برسی پر ہدیہ تبریک یا پھولوں کا کوئی تحفہ توارسال نہیں کیا اس پر شفقت خان سمیت سبھی نے کھل کر قہقہہ لگادیا صحافی نے فوری تصحیح کرتے ہوئے کہا کہ ’’سالگرہ‘‘ جس پر وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ نہیں ایسا کچھ نہیں ہوا۔