کراچی (اسٹاف رپورٹر) بن قاسم کے علاقے میں واقع نجی سوسائٹی میں ڈاکوؤں نے گھر میں لوٹ مار کی واردات کے دوران ضعیف العمر شہری کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا ،مسلح ڈاکو طلائی زیورات ، نقد رقم اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے،مقتول پاکستان اسٹیل مل کے سابق افسر تھے۔تفصیلات کے مطابق بن قاسم تھانے کی حدود نیشنل ہائی وے سے متصل گلشن فلک ناز مکان نمبر B- 58 میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ڈاکوؤں نے گھر میں ڈکیتی کی وارات کے دوران تشدد کر کے ضعیف العمر شخص شدید زخمی کر دیا ،انھیں طبی امداد کے لیے نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 70 سالہ رائو محمد جاوید کے نام سے کی گئی۔