ملتان(سٹاف رپورٹر) جامعہ زکریا کے اساتذہ نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کے خلاف کلاسز کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ایڈمن آفس کے سامنے دھرنا دیا،تفصیل کے مطابق اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن جامعہ زکریا کی کال پر اساتذہ نےگزشتہ روز یونیورسٹی میں کلاس ورک کا مکمل بائیکاٹ کیا اور ایڈمن بلاک کے سامنے دھرنا دیا، وائس چانسلر نے منگل کی رات کو اے ایس اے کی کال کے بعد یونیورسٹی کے تمام چئیرمینوں اور ڈینز کو باقاعدہ طور پر احکامات جاری کیے کہ وہ کل تمام شعبوں میں کلاس ورک کو یقینی بنائیں اور اساتذہ کو پابند کریں کہ وہ ہر صورت کلاس میں موجود رہیں لیکن ان احکامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے یونیورسٹی اساتذہ نے کلاسز کا بائیکاٹ کرکے دھرنے میں بھرپور انداز میں شرکت کی، دریں اثنا وائس چانسلر نے مختلف شعبہ جات میں چھاپے مارے اور اساتذہ کی حاضری چیک کی اور چئیرمینوں کو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا حکم دیا، ذرائع کے مطابق ڈائریکٹرز اور ڈینز نے کسی بھی کارروائی سےمعذرت کر لی، صدر اے ایس اے ڈاکٹر عبد الستار ملک اور سیکرٹری اے ایس اے ڈاکٹر خاور نوازش نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں ہوتے ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے،اگلے سلیکشن بورڈ کے نوٹی فکیشن کے حصول، سینڈیکیٹ کے اگلے اجلاس کی تاریخ، برسوں سے منتظر بیٹھے پی ایچ ڈی لیکچررز کی ترقی کے لیے نئے اشتہار، ترقی پانے والوں کے آرڈرز میں کنٹری بیوٹری پنشن کی شق ختم کرنے سمیت ہمارے تمام مطالبات بالکل جائز اور قابل عمل ہیں لیکن انتظامیہ کی ہٹ دھرمی ہے کہ انھوں نے ہمیں سننا بھی گوارا نہیں کیا،دریں اثنا فیڈریشن آف آل پاکستان اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشنز اور ایمپلائز یونینز نے بی زیڈ یو اساتذہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے، اے ایس اے کی کال پرآج بھی کلاسز کا بائیکاٹ اور دھرنادیا جائےگا ۔