اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گردشی قرضے سے نمٹنے کے منصوبے کو بہت بڑی کامیابی اور اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکلرڈیٹ مسلسل بڑھتا جا رہا تھا اور یہ ہمارے وسائل نگلتا جا رہا تھا‘فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بھرپور حمایت سے ہمیں کامیابی ملی ہے‘ پاکستان مشکلات سے انشااللہ نکل آئے گا‘اگلا مرحلہ اب ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری ہے، ڈسٹری بیوشن لائنوں کو بہتر بنانا اور لائن لاسز پر قابو پانا ایک بڑا چیلنج ہے،اگلے مرحلے میں لائن لاسز کے مسئلے پر توجہ دی جائے‘پہلی مرتبہ آئی ایم ایف کی کسی منیجنگ ڈائریکٹر نے یہ تعریف کی ہے کہ پاکستان نے معاشی بہتری کے لئے مثالی اقدامات کیے ہیں‘معاشی اشاریوں میں بہتری، ایف بی آر ،بجلی اور آئی ٹی کے شعبوں میں بہتری بہت اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں پاکستان میں شعبہ توانائی کے گردشی قرضے کے خاتمے کے لیے نئے طے شدہ مالیاتی منصوبے (سرکلر ڈیٹ فنانسنگ کی سہولت) کی افتتاحی تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کیا۔