• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد کے بیوٹیفکش پلان پر عملدرآمد کیلئے اہم فیصلے

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے محمد و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعرات کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اسلام آباد شہر کیلئے بیوٹفکیشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر فنانس طاہر نعیم، ڈی جی انوائرمنٹ سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں انوائرمنٹ وِنگ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور دارالحکومت اسلام آباد کے بیوٹیفکش پلان پر عملدرآمد کیلئے متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں انوائرمنٹ وِنگ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے جامع روڈ میپ پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں انوائرمنٹ ونگ میں افرادی قوت سمیت جدید آلات کی کمی کو پورا کرنے سمیت دیگر مسائل زیر غور لائے گئے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے انوائرمنٹ ونگ کا دیگر صوبوں کے ماڈل کا تقابلی جائزہ لیکر ایک موثر آپریٹنگ ماڈل تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اس سلسلے میں انوائرمنٹ ونگ میں آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، آپریشنل اور مالیاتی امور کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پودوں کی نگہداشت اور درختوں کی کٹائی کی روک تھام کیلئے جی آئی ایس ٹیگنگ اور بہترین مانیٹرنگ سسٹم متعارف کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پودوں اور پھولوں کی جلد افزائش و تحفظ کیلئے جدید سپرنکلر سسٹم نصب کئے جائیں۔ اجلاس میں انوائرمنٹ ونگ کے عملے کو خصوصی کورسز اور ٹریننگ کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بیوٹیفکیشن پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایکسپریس ہائی وے، فیصل ایونیو، نیو بلیو ایریا، مری روڈ سمیت بڑے راؤنڈ آباؤٹس پر رنگ برنگے موسمی پھولوں سے سجانے کیلئے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے جائیں گے اور سی ڈی اے ماڈل نرسری کے ذریعے پورے سال کے موسمی پھولوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام مرکزی شاہراہوں، لوپس، گرین بیلٹس، پلوں، انٹرچینجز حتیٰ کہ داخلی و خارجی راستوں اور وسطی میڈینز کو خوبصورت لینڈ سکیپنگ اور پودوں سے سجایا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اسلام آباد شہر کے تمام اہم داخلی راستوں، لوپس اور چوراہوں کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد شہر میں وسیع پیمانے پر پھولوں کی کیاریاں تیار کی جائیں تاکہ اسلام آباد کو پھولوں کا شہر بنایا جاسکے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام شہر کی خوبصورتی اور ماحول کی بہتری کیلئے فرینڈز آف انوائرمنٹ مہم کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فرینڈز آف انوائرمنٹ کے تحت شہر کی بیوٹفکیشن کے حوالے سے تمام نجی اداروں اور کارپوریٹ سیکٹر کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے۔
اسلام آباد سے مزید