اسلام آباد (عاطف شیرازی )عالمی یوم قلب کے موقع پر پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) نے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی/ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز (AFIC-NIHD) میں ایک آگاہی تقریب کا انعقاد کیا جس کا مقصد اپنے ہم وطنوں کو دل کی بیماریوں سے بچاؤ کی آگائی دینا تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پناہ میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن کیانی کے کہا کہ پاکستان میں دل کے مرض میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں سالانہ لاکھوں لوگ دل کی بیماریوں کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ دل کے امراض کو کم کرنے کے لیے ہمیں صحت مندطرز زندگی کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ پیدل چلیں اور ایکسرسائز کو اپنا معمول بنائیں،ٹینشن سے بچیں، موٹاپے کو کنٹرول کریں، سیگریٹ نوشی سے پرہیز کریں اور صحت مند غذا کا استعمال کریں۔ غیر صحت مند خوراک جیسے چینی، نمک، چکنائی اور تلی ہوئی اشیاء کا زیادہ استعمال دل کی بیماریوں کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔اپنی خوراک میں سبزیوں اور پھلوں کا زیادہ استعمال کریں اور دل کی بیماری سے بچیں۔میجر جنرل محمد نادر خان نے کہا کہ دنیا میں ہر سال دل کی بیماریوں سے ایک کروڑ 79لاکھ لوگ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ آج ورلڈ ہارٹ ڈے کے موقع پر ہمیں اس بات کا اعادہ کرنا چاہیے کہ ہم ایک صحت مند طرز زندگی اپنائیں۔ ورزش کو معمول بنائیں اور خوراک کے انتخاب میں محتاط رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، حکومت، صحافیوں، ہیلتھ پروفیشنلز اور معاشرے کے تمام فعال طبقوں کو مل کر ایک صحت مند پاکستان کے لیے کام کرنا ہو گا۔