اسلام آباد ( نیو زر پورٹر)چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نوجوانوں کی فلاح وبہبود کےلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سمٹ میں بلوچستان ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے قابل اور ذہین نوجوان موجود ہیں ، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے یہ نوجوان وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مختلف پروگراموں سے منسلک ہیں۔انہوں نے ان خیا لا ت کا اظہار گزشتہ روز پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA) میں نیشنل یوتھ سمٹ 2025ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ سمٹ ایکٹ انٹرنیشنل نے اقوامِ متحدہ کی پا پولیشن فنڈ (UNFPA) اور وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) کے تعاون سے منعقد کیا ۔ اس سمٹ کا مرکزی موضوع"یوتھ ایکشن ، گلوبل ایمپیکٹ " تھا ۔2012 سے لے کر آج تک، ایکٹ انٹرنیشنل نوجوانوں کی شمولیت اور رہنمائی کے لئے ایک نمایاں پلیٹ فارم مہیا کرتا آ رہا ہے۔ نیشنل یوتھ سمٹ نوجوان رہنماؤں، پالیسی سازوں اور شراکت داروں کو قومی و عالمی مسائل پر گفتگو اور عملی اقدامات کے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے۔اس سال کے اجلاس میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود مہمانِ خصوصی تھے۔