• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وکیل کو قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد ایس ایچ اوکی عبوری ضمانت منظور

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے چارسدہ میں نوجوان وکیل کو قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد ایس ایچ او بہرمند شاہ کی عبوری ضمانت کے لئے دائر درخواست منظور کردی اور سماعت 3 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کردی۔ عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل سنگل بنچ نے کی۔ملزم ایس ایچ او کے وکیل شبیر حسین گیگیانی ایڈووکیٹ نے عدالت کوبتایا کہ مذکورہ ایس ایچ او قتل کے مقدمے میں نامزد ہے، انہوں نے پشاور ہائیکورٹ میں عبوری ضمانت کے لئے درخواست دائر کی ہے لہذا درخواست منظور کی جائے۔ پشاور ہائیکورٹ بار کے صدر امین الرحمان یوسفزئی نے عدالت کوبتایا ہ درخواست گزار نے لاہور اور اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانتیں لی ہے، اس حوالے سے عدالت کو نہیں بتایا۔ملزم وہاں چارسدہ کے مقامی عدالت میں کیوں پیش نہیں ہورہا ہے، ملزم کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ ان کا اس کیس میں وکالت نامہ نہیں ہےجس پر جسٹس خورشید اقبال نے کہا کہ اب تو ہم نے ضمانت دے دی ہے، آپ وکلاء اس میں وکالت نامہ جمع کریں، ہم تاریخ دیتے ہیں، پشاور ہائیکورٹ بار کے صدر امین الرحمان یوسفزئی ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستیں چارسدہ کے سیشن کورٹس میں زیر سماعت ہیں، عدالت اس ملزم کو بھی وہاں پر بھیج دیں، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ اس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے ملزم کہیں سے بھی عبوری ضمانت لے سکتا ہے، ملزم کو وہاں پر خطرہ ہے اس لیے یہاں پر عبوری ضمانت کے لیے آئے ہیں،عدالت عبوری ضمانت دے دیں ملزم وہاں پولیس کے تفتیش میں شامل ہو جائے گا۔ عدالت نے کیس کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کر دی اور ملزم کی گرفتاری روک دی۔واضح رہے کہ ملزم پر ایک جرگے کے دوران فائرنگ کرکے میاں عاصم شاہ ایڈووکیٹ کو چارسدہ میں قتل کرنے کا الزام ہے۔
پشاور سے مزید