پشاور (جنگ نیوز) زرعی یونیورسٹی پشاور اور پاکستان ہارٹیکلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط"زرعی یونیورسٹی پشاور اور پاکستان ہارٹیکلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی نے پاکستان کے باغبانی شعبے کی ترقی کے لئے تعاون کو فروغ دینے کی غرض سے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے۔ دستخط کی تقریب زرعی یونیورسٹی پشاور میں منعقد ہوئی، جہاں وائس چانسلر پروفیسر ایمریٹس ڈاکٹر جہان بخت اور انچارج ریجنل آفس پی ایچ ڈی ای سی پشاور جعفر علی نے پی ایچ ڈی ای سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اطہر حسین کھوکھر کے نمائندہ کی حیثیت سے معاہدے پر دستخط کئے۔یہ شراکت داری باغبانی کے شعبے میں کارکردگی، پیداواری صلاحیت اور پائیدار کو بہتر بنانے کے لئے مشترکہ اقدامات، علوم کے تبادلے اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ اس تعاون کا مقصد جامع ترقی کو فروغ دینا، غذائی تحفظ کو مضبوط بنانا، غذائیت میں بہتری لانا اور بعد از نقصانات جیسے اہم مسائل سے نمٹنا ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ایمریٹس ڈاکٹر جہان بخت نے باغبانی کی ترقی میں اکیڈمی کے کلیدی کردار پر زور دیا، جس میں تحقیقی سرگرمیاں، ماہر افرادی قوت کی تیاری، نئی ٹیکنالوجیز کی ترقی، پائیدار طریقہ کار کا فروغ اور صنعت و اکیڈمی روابط کو عالمی مسابقت کے لئے آگے بڑھانا شامل ہے۔