کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کراچی کے لیاقت اباد ڈویژن کے 7 تھانوں کی تفتیش کو ایک سینٹرلائزڈ انویسٹی گیشن سیل میں منتقل کرنے سے نتائج شاندار قرار دیئے جا رہے ہیں۔ اس کامیابی پر کراچی ویسٹ زون میں مزید 4، ایسٹ میں 7 اور ساؤتھ زون میں 9 سی آئی سی قائم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ڈی ائی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ نے اس نمائندے کو سینٹر کا دورہ کراتے ہوئے بتایا کہ سیل میں سنگین جرائم ، ڈکیتی ، مالی جرائم، بچوں اور خواتین سےمتعلق جرائم سمیت 7جرائم کے تفتیشی سیل قائم کئے گئے ہیں۔ تفتیشی افسران کو ان کے تجربے اور قابلیت کی بناء پر کیسز کی تفتیش سونپی جارہی ہے۔ تفتیشی افسران پر بوجھ میں کمی، ڈیٹیکشن، شناخت پریڈ، تجربے اور گرفتاریوں میں غیرمعمولی اضافہ، کیسز میں ڈیٹیکشن کی شرح 82 فیصد سے زائد ہے۔