کراچی( اسٹاف رپورٹر )ٹریفک حادثات میں 3افراد جاں بحق جبکہ 9زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق موچکو تھانے کی حدود بلدیہ حب ریور روڈ شارجہ شاپنگ مال کے قریب کوئلہ کے کینٹینر پر مشتمل ٹرالر موٹر سائیکل سوار پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے۔جاں بحق شخص کی لاش کو سول اسپتال جبکہ زخمیوں کو نجی اسپتالمنتقل کیا گیا۔متوفی کی شناخت 25 سالہ امین ولد بخت زمین سے ہوئی۔پولیس نے بتایا کہ ٹرالر میں کوئلہ بھرا ہوا تھا۔پولیس ٹرالر کو تحویل میں لے جبکہ حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔ماڑی پور کے علاقے دعا ہوٹل کے قریب گزشتہ شب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والا شخص دوران علاج اسپتال میں جاں بحق ہوگیا۔متوفی کی عمر 35برس کے قریب ہے تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔کلفٹن عبداللہ شاہ غازی مزار پی ایس او پمپ کے قریب گزشتہ روز نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے والا راہگیر دوران علاج جناح ہسپتال میں دم توڑ گیا۔متوفی کی شناخت 60سالہ جان محمد ولد شداد کے نام سے ہوئی ہے۔نارتھ کراچی سلیم سینٹر کے قریب ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 6افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق حادثہ کار سوار شخص کی تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا جس نے مرکزی شاہراہ سے گزرنے والی 4 موٹر سائیکلوں کو ٹکر ماری۔ حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے تمام افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے جنھیں معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں۔ حادثے کے بعد راہ گیر افراد نے کار سوار شخص کو پکڑ کر قریب موجود پولیس موبائل کے حوالے کیا۔کار سوار شخص مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا جو حادثے کے دوران خود بھی زخمی ہوا ہے۔