• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی میں کسی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے، گنڈاپور، پشاور میں PTI کا جلسہ

پشاور(سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت صوبہ میں کسی آپریشن کی اجازت دے گی نہ ہم کسی آپریشن کی حمایت کریں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں پی ٹی آئی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،وزیر اعلی کی تقریر کے دوران کارکنوں نے اسٹیج کی طرف جوتے اور بوتلیں پھینکیں ، شورشرابا، نعرے ، خطاب مختصر کرنا پڑا ، جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر ، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، مرکزی رہنما اسد قیصر اور شیخ وقاص اکرم نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں غلاموں اور کٹھ پتلیوں کی حکومت ہے،عمران خان کی رہائی اور حقیقی آزادی تک جنگ جاری رہے گی ، بانی قوم کی خاطر قید ہیں، وہ ظلم کے سامنے نہیں جھکیں گے ، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی کے اندر اور باہر جو لوگ عمران خان کیساتھ وفادار نہیں، ان کیلئے کرسی اور زمین تنگ کردیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے حکم پر ہفتہ کے رات پشاور موٹر وے چوک رنگ روڈ پر سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا گیا ، جلسہ میں خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر سے پارٹی قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی ، وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور عموماً آخری خطاب کرتے ہیں تاہم پشاور جلسہ کے دوسرے مرحلے میں مغرب کے بعد انہوں نے پہلی تقریر کی، علی امین گنڈاپور خطاب کیلئے جیسے ہی سٹیج پر آئے تو جلسہ گاہ میں موجود کارکنوں ان کے خلاف نعرہ بازی شروع کی ، ان کی طرف جوتے اور بوتلیں پھینکیں اور ان کی تقریر کے دوران مسلسل نعرہ بازی جاری رکھی اور کارکنوں نے انتہائی غصہ کا اظہار کیا جس کے باعث وزیر اعلیٰ کو خطاب مختصر کرنا پڑا ،علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی اور ملک میں حقیقی آزادی کی جنگ جاری رکھیں گے،ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی میں ہی قوم کی آزادی ہے، عمران خان اور بشری بی بی سمیت تحریک انصاف کے قائدین اور کارکن ناحق قید ہیں، ملک میں عدلیہ کو پیغام دیتے ہیں کہ آئین کے تحت عمران خان ،ان کی اہلیہ اور پارٹی قائدین اور کارکنوں کو انصاف دیا جائے ۔

اہم خبریں سے مزید