• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان علاقائی و عالمی امن کیلئے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا، وزیراعظم

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوامِ متحدہ کے مرکزی کردار کے ساتھ کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن کی حیثیت سے علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ دنیا کو مل کر مزید موسمیاتی مالی وسائل متحرک کرنے چاہئیں، جموں و کشمیر تنازعہ کا اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل تلاش کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سیکرٹری جنرل کی قیادت اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے غزہ کی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ناقابلِ واپسی سیاسی عمل شروع کرنے کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا ۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات کی۔گرمجوش اور خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے اقوامِ متحدہ کے مرکزی کردار کے ساتھ کثیرالجہتی کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ۔
اہم خبریں سے مزید