کراچی(آئی این پی) قومی ایئرلائن کا ٹورنٹو کیلئے فلائٹ آپریشن مزید تعطل کا شکار ہوگیا، اسی ماہ پرواز آپریشنل کرنیکا کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ قومی ایئرلائن کی برطانیہ کیلئے پروازوں کی بحالی میں بھی تاخیر کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹورنٹو کیلیے چلائی جانے والی پروازوں میں تاخیر کے حوالے سے ایئرلائن ذرائع نے بتایا کہ ٹورنٹو فلائٹس کیلئے بوئنگ 777 ایل آر طیاروں کی بروقت مرمت نہیں ہو سکی، ایئرلائن انتظامیہ نے 28 ستمبر کو ٹورنٹو کیلئے پرواز چلانے کا ہدف مقرر کر رکھا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ بوئنگ 777طیارے کے نئے لینڈنگ گیئر کراچی پہنچادیے گئے ہیں، لینڈنگ گیئر تبدیل کرنے کیلئے ضروری ٹولز شعبہ انجینئرنگ میں موجود نہیں۔ٹولز ملنے تک قومی ایئرلائن کے بوئنگ 777ایل آرطیارے گراؤنڈ رہیں گے، قومی ایئرلائن ٹورنٹو کی پروازوں کیلئے 2 بوئنگ 777 ایل آر طیارے استعمال کرتی ہے۔