• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سول سروسز اکیڈمی میں پہلی بار ایچ ای سی قیادت کی تربیت

لاہور (آصف محمود بٹ ) پاکستان سول سروسز اکیڈمی (CSA) والٹن کیمپس نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے اعلی افسران کی تربیت کی ہے جسے اکیڈمی کی اعلیٰ تعلیم کے شعبے تک رسائی میں ایک نئے سنگِ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ "اسٹریٹجک پروفیشنل ڈیویلپمنٹ برائے پبلک سیکٹر ٹرانسفارمیشن" کے عنوان سے منعقدہ کوہورٹ۔IV پروگرام اس ہفتے مکمل ہوا، جس میں گریڈ 19 اور 20 کے ڈائریکٹرز اور ڈائریکٹر جنرلز نے شرکت کی۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی سیکریٹری تعلیم و پروفیشنل ڈویلپمنٹ اور قائم مقام چیئرمین ایچ ای سی، ندیم محبوب تھے جبکہ نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE) کی منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر نور آمنہ ملک نے بھی معزز مہمانِ کی حیثیت سےشرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان سول سروسز اکیڈمی کے اساتذہ اور شرکا بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر کیپیسٹی بلڈنگ سی ایس اے ڈاکٹر سید شبیر اکبر زیدی نے کہا کہ یہ پروگرام روایتی تربیتی کورس نہیں بلکہ ایک لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو ہے جس میں ٹیکنیکل ماڈیولز کے ساتھ ساتھ رویوں اور سوچ کی تعمیر پر بھی برابر توجہ دی گئی۔ اُنہوں نے بتایا کہ صحت اور اسٹریس مینجمنٹ جیسے اجزاء شامل کرکے یہ پیغام دیا گیا کہ مؤثر عوامی قیادت کے لیے ذہنی و جذباتی استقامت ناگزیر ہے۔مینجنگ ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر نور آمنہ ملک نے سی ایس اے کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد ایچ ای سی کا کردار نمایاں طور پر بدل چکا ہے جس کے لیے سینئر افسران کی استعداد کار میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔
اہم خبریں سے مزید